نئی دہلی،28ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے آج بی سی سی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے حکم کی تعمیل کرنے کو کہا کیونکہ جسٹس آر ایم لوڈھا پینل نے عدالت عظمی کی ہدایات پر عمل نہیں کرنے کے لئے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین انوراگ ٹھاکر اور سیکرٹری اجے شرکے سمیت اس کے اعلی حکام کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔لوڈھا پینل نے سپریم کورٹ میں اپنی اسٹیٹس رپورٹ میں کرکٹ کے منتظمین سے کرکٹ ادارے کے اعلی حکام کو تبدیل کرنے کی مانگ کی تھی۔اس نے کہا کہ بی سی سی آئی اور اس کے افسر ہدایات پر عمل نہیں کر رہے ہیں اور بار بار بیان جاری کرکے عدالت کے اور لوڈھا پینل کے ارکان کے حق کو کمترسمجھ رہے ہیں جنہوں نے بی سی سی آئی میں بنیادی ڈھانچہ اصلاحات کی سفارش کی تھی۔لوڈھا پینل کے وکیل نے کہا کہ بی سی سی آئی ای میل اور انہیں بھیجے گئے دیگر سوالات کا جواب نہیں دے رہا ہے اور مسلسل عدالت کے حکم کی توہین کر رہا ہے۔چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی صدارت والی بنچ نے پریزنٹیشنز کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ سنگین الزامات ہیں اور بی سی سی آئی کو عدالت کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔جج اے ایم کھانولکر اور ڈی وائی چدرچوڑ کی بنچ نے کہا کہ اگر بی سی سی آئی کو لگتا ہے کہ وہ خود کو ان سے اوپر سمجھتے ہیں تو وہ غلط ہیں،انہیں عدالت کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔